08/06/2026
پنجاب پراپرٹی اونرشپ ترمیمی ایکٹ 36 اضلاع میں ٹربیونلز قائم، شیخوپورہ میں ایڈیشنل سیشن جج حافظ عبدالحمید ٹربیونل جج مقرر
Sat 06 Jun 2026
شیخوپورہ(کورٹ رپورٹر سے) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محترمہ عالیہ نیلم نے پنجاب پراپرٹی اونرشپ ترمیمی ایکٹ کے تحت پنجاب کے 36 اضلاع میں ایڈیشنل سیشن ججز پر مشتمل خصوصی ٹربیونلز نامزد کر دیئے ہیں۔ اس سلسلے میں فہرست پنجاب حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے جبکہ ہائیکورٹ میں زیر التواء 575 مقدمات سے حکمِ امتناعی ختم کرتے ہوئے تمام کیسز متعلقہ ٹربیونلز کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔ جاری کردہ فہرست کے مطابق شیخوپورہ میں ایڈیشنل سیشن جج حافظ عبدالحمید کو بطور ٹربیونل مقرر کیا گیا ہے، جبکہ دیگر اضلاع میں بھی ایڈیشنل سیشن ججز کو یہ ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ترمیم شدہ قانون کے تحت ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں قائم کمیٹیاں زمینوں پر ناجائز قبضوں سے متعلق سفارشات مرتب کرکے ٹربیونلز کو بھجوائیں گی۔ ٹربیونلز کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ پولیس کی مدد سے قبضہ واگزار کروائیں اور جُرم ثابت ہونے پر ملزمان کو 3 سے 10 سال تک قید اور لاکھوں روپے جرمانے کی سزا سنا سکیں۔ قانون کے مطابق اگر کسی زمین سے متعلق مقدمہ پہلے سے کسی عدالت میں زیر سماعت ہو تو فریقین کیس کی منتقلی کی درخواست دے سکیں گے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ متعلقہ عدالت کرے گی۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے قبل ازیں پنجاب پراپرٹی اونرشپ ایکٹ کے مبینہ غلط استعمال کے خدشات پر حکمِ امتناعی جاری کیا تھا، تاہم حکومت پنجاب کی جانب سے قانون میں ترمیم کے بعد عدالت نے تمام حکمِ امتناعی ختم کرتے ہوئے زیر التواء مقدمات ٹربیونلز کو بھجوا دئیے ہیں رپورہ