17/05/2026
اکثر اوقات جب لوگ پراپرٹی خریدتے ہیں تو لاکھوں روپے حکومت کو ٹیکس کی مد میں ادا کرتے ہیں، ہزاروں روپے کا پٹرول خرچ کر دیتے ہیں، کاغذات، اسٹامپ پیپرز اور دیگر فیسز پر بھی اچھی خاصی رقم لگا دیتے ہیں۔ لیکن جب بات آتی ہے ایک ڈیلر کی کمیشن کی، تو وہیں آ کر حساب کتاب بدل جاتا ہے۔
حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ایک ڈیلر صرف “ڈیل کروانے والا بندہ” نہیں ہوتا، بلکہ وہ پورے پراسس کا سب سے اہم کردار ہوتا ہے۔ وہ اپنے خرچے پر آپ کے لیے بہترین آپشنز ڈھونڈتا ہے، آپ کی رینج اور ضرورت کے مطابق درجنوں پراپرٹیز شارٹ لسٹ کرتا ہے، پھر آپ کو بیسیوں وزٹس کرواتا ہے۔ گرمی ہو، سردی ہو یا بارش، وہ ہر وقت آپ کے ساتھ موجود ہوتا ہے۔
صرف یہی نہیں، بلکہ وہ آپ کو غلط فیصلے سے بچاتا ہے، فراڈ سے محفوظ رکھتا ہے، کاغذات کی تصدیق کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگاتا ہے، فائلز تیار کرواتا ہے، سیل پرچیز ایگریمنٹس کو چیک کرواتا ہے، اور آخر تک آپ کے ساتھ کھڑا رہتا ہے جب تک پراپرٹی آپ کے نام ٹرانسفر نہیں ہو جاتی۔ یہ سب کچھ کرنے کے بعد جب وہ اپنی محنت کا صلہ مانگتا ہے، تو اکثر لوگ یہی کہہ دیتے ہیں، “تم نے کیا ہی کیا ہے؟”
اصل میں بات یہ ہے کہ لوگوں کو نظر صرف آخری دستخط آتے ہیں، اس کے پیچھے لگی محنت، وقت، اور ذمہ داری نہیں نظر آتی۔ ایک اچھا ڈیلر نہ ہو تو ایک چھوٹی سی غلطی آپ کو لاکھوں کا نقصان کروا سکتی ہے۔ اس لیے اگلی بار جب آپ کسی ڈیلر کے ساتھ کام کریں، تو اس کی محنت کو سمجھیں، اس کے وقت اور ایمانداری کی قدر کریں، اور اس کا حق پورا ادا کریں۔ کیونکہ ایک سچا اور محنتی ڈیلر آپ کے لیے صرف پراپرٹی نہیں خریدتا، بلکہ آپ کو ذہنی سکون اور محفوظ سرمایہ کاری بھی دیتا ہے۔